دوحہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ اہم دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے، جہاں انہوں نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاستِ قطر کے امیرِ والد شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر قطری قیادت، شاہی خاندان اور قطری عوام سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
دوحہ ایئرپورٹ پہنچنے پر قطر کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ مملکت برائے دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی آل ثانی نے وفد کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ بصیرت اور قطر کی غیرمعمولی ترقی میں ان کے تاریخی کردار کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم نے نہ صرف قطر بلکہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے پاکستان کے لیے مرحوم امیرِ والد کی خصوصی محبت اور ان کے متعدد یادگار دوروں کو بھی یاد کیا۔
اس موقع پر امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے پاکستانی قیادت کا ذاتی طور پر دوحہ آ کر تعزیت کرنے پر دلی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ آمد ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کی روشن مثال ہے۔
یاد رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی گزشتہ روز 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کے انتقال پر حکومتِ پاکستان نے 13 جولائی کو باقاعدہ طور پر قومی یومِ سوگ منایا۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کی روشنی میں مرحوم کے ساتھ اظہارِ احترام اور قطر کے عوام سے یکجہتی کے لیے ملک بھر میں تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔
حکومتِ پاکستان نے سابق امیر قطر کی خدمات کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان اس صدمے کی گھڑی میں قطری شاہی خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔

