فیلڈ مارشل سید عاصم منیر 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

انقرہ: پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت دو روزہ اہم سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔

انقرہ آمد پر ترک عسکری حکام اور سفارتی عملے کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا انتہائی گرمجوشی اور روایتی پرتپاک انداز میں استقبال کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، اس اہم دو روزہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکیہ کی اعلیٰ ترین عسکری اور سیاسی قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی مینوفیکچرنگ اور پاک ترک افواج کے درمیان پہلے سے جاری عسکری و تربیتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اہم ترین اسٹریٹجک معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دونوں ممالک کے گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے تناظر میں آرمی چیف کے اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔