شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی میتیں عراق پہنچا دی گئیں؛ نجف اور کربلا میں مزاراتِ مقدسہ پر حاضری، تہران و قم میں لاکھوں کا سوگوار اجتماع

نجف: ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتیں الوداعی زیارت اور آخری رسومات کے لیے ایران سے عراق کے مقدس شہر نجف اشرف پہنچا دی گئی ہیں۔

نجف ائیرپورٹ پر عراقی وزیراعظم، اعلیٰ عراقی حکام اور سوگواروں کی ایک بہت بڑی تعداد نے میتوں کا استقبال کیا، جبکہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان بھی خصوصی طور پر اس تاریخی جلوسِ جنازہ میں شرکت کے لیے نجف پہنچ چکے ہیں۔

نجف اشرف میں حضرت امام علی علیہ السلام کے روضہ مبارک پر حاضری اور الوداعی رسومات کے بعد میتوں کو کربلا معلیٰ لے جایا جائے گا، جہاں حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت غازی عباس علیہ السلام کے مزاراتِ مقدسہ پر ان کی تجہیز و تکفین کا عراقی مرحلہ مکمل ہوگا۔

اس سے قبل منگل کی صبح ایران کے مذہبی مرکز اور تاریخی شہر قم کی معروف مسجد جمکران میں آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں لاکھوں زائرین نے شرکت کی۔

جنازے کا جلوس کئی کلومیٹر تک پھیلا ہوا تھا، جہاں گود کے بچوں سے لے کر ضعیف العمر افراد تک ہر آنکھ اشکبار تھی اور انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔

ایرانی سرکاری میڈیا (IRIB) نے مسجد جمکران کے اوپر پرواز کرتے ہوئے اس ہیلی کاپٹر کی دستاویزی ویڈیوز بھی نشر کیں جس کے ذریعے جسدِ خاکی کو تہران سے قم منتقل کیا گیا تھا۔

تہران کے انقلاب اسکوائر، امام حسین اسکوائر اور آزادی اسکوائر پر منعقدہ نمازِ جنازہ میں بھی انسانوں کا ایک بے پناہ سمندر دیکھا گیا تھا، جہاں سوگواروں نے سیاہ علم اٹھا رکھے تھے اور امریکا و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

واضح رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری 2026 کو ایران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں اپنے خاندان کے چند افراد اور اعلیٰ عسکری قیادت کے ہمراہ شہید ہو گئے تھے۔

ان کی تدفین ابتدائی طور پر مارچ میں ہونا تھی، تاہم ایران اسرائیل جنگ اور خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ شہید رہبرِ اعلیٰ کی ہفتہ بھر جاری رہنے والی تجہیز و تکفین کا آغاز 3 جولائی سے ہوا تھا جب دنیا بھر سے وفود نے تہران میں ان کا آخری دیدار کیا تھا۔

عراق میں زیارتِ مقدسات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد میتوں کو دوبارہ ایران لایا جائے گا، جہاں 9 جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد مقدس میں واقع روضہ امام علی رضا علیہ السلام کے احاطے میں انہیں ہمیشہ کے لیے سپردِ خاک کر دیا جائے گا۔