کارگل معرکے کے ہیرو حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کی 27 ویں برسی؛ صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا زبردست خراجِ عقیدت
راولپنڈی: سنہ 1999 کے تاریخی معرکہ کارگل کے ہیرو اور پاکستان کے سب سے بڑے عسکری اعزاز ‘نشانِ حیدر’ کے حامل حوالدار لالک جان شہید کا 27 واں یومِ شہادت عقیدت و احترام اور قومی فخر کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس موقع پر شہید کے مزار پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستان کی تمام مسلح افواج نے کارگل کے محاذ پر مادرِ وطن کے دفاع میں دکھائی جانے والی غیر معمولی شجاعت، لازوال لگن اور عظیم ترین قربانی پر شہید کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر ان کی عظیم قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون پاکستان کے محفوظ، مضبوط اور باوقار مستقبل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی عظیم روایات ہماری قومی شناخت کا ایک قابلِ فخر اثاثہ ہیں اور قوم اپنے ہیروز کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کارگل کے ہیرو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے پے در پے حملوں کے سامنے ڈٹے رہنا ان کے بے مثال جذبہ حب الوطنی کا ثبوت ہے، جس پر پوری قوم کو ہمیشہ ناز رہے گا۔
7 جولائی 1999 کو کارگل کے دشوار گزار اور سنگین ترین محاذ پر حوالدار لالک جان نے دشمن کے پے در پے اور شدید حملوں کے باوجود اپنی چوکی کا جرات و استقامت سے دفاع کیا تھا۔
معرکے کے دوران وہ شدید زخمی ہوئے، لیکن انہوں نے مروجہ طبی انخلا (Evacuation) سے صاف انکار کر دیا اور آخری سانس تک اپنے ساتھیوں کی کمانڈ کرتے ہوئے دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، حوالدار لالک جان شہید کی یہ لازوال قربانی بہادری، ثابت قدمی اور بے لوث خدمت کی ایک روشن علامت ہے۔
اس موقع پر عوام اور مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی مقدس امانت کی حفاظت اور ملک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا دفاع اسی شجاعت، لگن اور وقار کے جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

