سپریم لیڈر کے قاتل انجام سے نہیں بچ سکیں گے، حساب لے کر رہیں گے؛ ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی

تہران: ایران اور امریکہ کے مابین جاری شدید سفارتی و عسکری کھینچ تان کے مروجہ تناظر میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی اور سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ محمد باقر ذوالقدر کے سخت بیانات سامنے آئے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے دوٹوک الفاظ میں دشمنوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو شہید کرنے والے سن لیں کہ ایرانی قوم اور اس کی مسلح افواج مجرموں کو ان کے انجام تک پہنچانے سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گی اور اس ہولناک جرم کا پورا حساب لیا جائے گا۔

جنرل امیر حاتمی نے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے اپنی حالیہ ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے نئے رہبر کی خدمت میں عرض کیا ہے کہ مسلح افواج اسلامی انقلاب کے نئے کمانڈر انچیف کی بلا تردد اور مکمل پیروی جاری رکھیں گی اور سابق رہبر کے متعین کردہ عزت، وقار اور قومی آزادی کے راستے پر پوری قوت سے گامزن رہیں گی۔

دوسری جانب، ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محمد باقر ذوالقدر نے ملکی و عالمی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید سپریم لیڈر کی آخری رسومات اور نمازِ جنازہ میں امڈنے والے لاکھوں لوگوں کے سمندر نے باآوازِ بلند دشمن کے خلاف صرف دو ہی مطالبات کیے ہیں، جن میں پہلا پائیدار مزاحمت اور دوسرا شہید رہبر کے خون کا بدلہ ہے۔

انہوں نے واشنگٹن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آنے والے دنوں میں اپنی نظریں ایران پر مرکوز رکھیں۔ یہ وہی ایران ہے جس کے بارے میں تم نے سوچا تھا کہ اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لیے صرف چند دن لگیں گے”۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو ایران پر ہونے والے امریکی و اسرائیلی مشترکہ حملے میں آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے خاندان سمیت پاسدارانِ انقلاب کی اعلیٰ قیادت شہید ہو گئی تھی۔