آزاد کشمیر انتخابات؛ استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے 35 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری

اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے آزاد جموں و کشمیر کے مروجہ انتخابات کے لیے اپنی انتخابی سرگرمیوں کا جارحانہ آغاز کرتے ہوئے 35 اہم نشستوں پر اپنے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

آئی پی پی کے مرکزی صدر عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب اور پریس کانفرنس کے دوران پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں میں خود سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

اس موقع پر حال ہی میں استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور آئی پی پی آزاد کشمیر کے نو منتخب صدر سردار تنویر الیاس بھی موجود تھے، جو خود تین مختلف حلقوں (ایل اے 15، ایل اے 22 اور ایل اے 25) سے الیکشن لڑیں گے۔

پارٹی اعلامیے کے مطابق، بقیہ نشستوں کے امیدواروں کا اعلان آئندہ چند گھنٹوں یا کل تک کر دیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم تنویر الیاس کے ہمراہ کرنل محبوب، علی شان سونی، ملک ذوالفقار، صبیحہ صدیق، ریاض گجر، طاہر کھوکھر، راجہ طالب اور تقدیس گیلانی سمیت درجنوں اہم کشمیری رہنماؤں نے بھی آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

جاری کردہ باضابطہ فہرست کے مطابق، آئی پی پی نے ایل اے 2 سے محمد معروف، ایل اے 3 سے تسلیم عارف، ایل اے 4 سے تیمور حسن، ایل اے 8 سے ذوالفقار علی اور ایل اے 9 سے طاہر فرید کو میدان میں اتارا ہے۔

اسی طرح ایل اے 10 سے محمد یوسف، ایل اے 11 سے محمد طالب، ایل اے 12 سے صبیحہ صدیق، ایل اے 13 سے نثار عنصر ابدالی، ایل اے 14 سے راجہ فہیم فاروق، ایل اے 16 سے اعجاز احمد، ایل اے 17 سے عامر نذیر، ایل اے 18 سے مرتضیٰ احمد اور ایل اے 19 سے شہزاد عزیز پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

دیگر حلقوں میں ایل اے 21 سے بلال شکیل، ایل اے 23 سے سردار رئیس انقلابی، ایل اے 24 سے سردار عنایت اللہ، ایل اے 27 سے سردار تبارک اللہ، ایل اے 30 سے مقبول گجر، ایل اے 31 سے راجہ مظہر قیوم، ایل اے 35 سے عبدالقدیر، ایل اے 36 سے ادیب امجد بٹ، ایل اے 39 سے محمد طاہر کھوکھر، ایل اے 40 سے محمد سلیم بٹ، ایل اے 41 سے سعید ڈار، ایل اے 42 سے بلال بٹ اور ایل اے 43 سے حمزہ بزمی کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

ایل اے 5 سے افتخار حسین، ایل اے 6 سے علی شان سونی، ایل اے 28 سے کوثر تقدیس گیلانی اور ایل اے 29 سے سعید اعوان الیکشن لڑیں گے، جبکہ لاہور، ملتان، راولپنڈی اور بلوچستان کی مہاجر نشستوں پر بھی نامزدگیاں کر دی گئی ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیاست کا اصل مقصد محض اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانا ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اگر کشمیری عوام نے انہیں موقع دیا تو میرٹ، شفافیت اور 100 فیصد بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور سب سے بڑھ کر یہ کہ "آزاد کشمیر کے فیصلے اب کسی اور شہر میں نہیں بلکہ آزاد کشمیر کی دھرتی پر وہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق ہوں گے”۔

انہوں نے ماضی میں دو دو، تین تین بار اقتدار میں رہنے والی روایتی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج ہم سے سوال کرنے کے بجائے عوام کو اپنی ناکام کارکردگی کا جواب دیں۔

وفاقی وزیر مواصلات کی حیثیت سے اپنے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے علیم خان نے وزیراعظم پاکستان کی قیادت کو سراہا اور بتایا کہ ملک بھر میں جدید شاہراہوں اور موٹرویز کا جال تیزی سے بچھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی تا سکھر موٹروے کو بندرگاہ سے منسلک کرنے کا کام رواں سال شروع ہو رہا ہے، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو 6 رویہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، سیالکوٹ، کھاریاں، اسلام آباد موٹروے کی تعمیر سے لاہور اور اسلام آباد کا فاصلہ 100 کلومیٹر کم ہو جائے گا۔

انہوں نے کشمیری عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد۔مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک توسیع دی جا رہی ہے اور مظفرآباد کو مانسہرہ سے بھی ایک جدید شاہراہ کے ذریعے منسلک کیا جائے گا تاکہ آزاد کشمیر کو تیز رفتار، محفوظ اور بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات میسر آ سکیں۔