فیفا ورلڈ کپ 2026؛ پیراگوئے کا تاریخی اپ سیٹ، 4 بار کی عالمی چیمپئن جرمنی کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا
بوسٹن: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 کے ناک آؤٹ مقابلے میں فٹبال کی دنیا کا سب سے بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں کمزور سمجھی جانے والی جنوبی امریکی ٹیم پیراگوئے نے چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی کو ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 4-3 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔
بوسٹن میں کھیلا گیا یہ سنسنی خیز میچ مقررہ اور اضافی وقت میں 1-1 گول سے برابر رہا تھا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
عالمی کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب جرمن ٹیم کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
اس تاریخی اور غیر متوقع فتح کے بعد جہاں جرمنی کے ڈگ آؤٹ اور خیمے میں گہری مایوسی اور اداسی پھیل گئی، وہیں پیراگوئے کے صدر سانتیاگو پینا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جوشیلے پیغام کے ساتھ 30 جون کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
میچ کے پہلے ہاف کے 42 ویں منٹ میں پیراگوئے کے جولیو اینسیسو نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
دوسرے ہاف میں جرمنی نے زبردست واپسی کی اور فلوریان ورٹز کے بہترین کراس پر آرسنل کے فارورڈ کائی ہاورٹز نے ہیڈر کے ذریعے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔
اضافی وقت میں جرمنی کے جوناتھن تاہ نے گیند کو جال میں پہنچا کر فتح کا جشن منانا شروع کر دیا تھا، لیکن وی اے آر (VAR) ریویو کے بعد ریفری نے جرمن کھلاڑی والڈیمار اینٹن کا گول کیپر پر فاؤل قرار دیتے ہوئے اس گول کو مسترد کر دیا۔
جب میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں داخل ہوا تو دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر شدید دباؤ صاف نظر آ رہا تھا۔ شوٹ آؤٹ کی ابتدائی 5،5 پنالٹیز میں دونوں ٹیموں نے 3،3 گول کیے۔
جرمنی کی جانب سے کائی ہاورٹز اور نک وولٹیماڈے کی پنالٹیز کو پیراگوئے کے گول کیپر اورلینڈو گل نے شاندار انداز میں روکا، جبکہ پیراگوئے کے انتونیو سانابریا کی شارٹ باہر گئی اور فابیان بالبوئینا کی کوشش کو 40 سالہ تجربہ کار جرمن گول کیپر مینوئل نوئر نے ناکام بنایا۔
معاملہ سڈن ڈیتھ سیشن میں پہنچا تو جرمنی کے جوناتھن تاہ پریشر برداشت نہ کر سکے اور ان کی پنالٹی کک کراس بار کے اوپر سے نکل گئی۔
اس کے فوراً بعد پیراگوئے کے جوزے کینالے نے کوئی غلطی نہیں کی اور فیصلہ کن گیند کو جال کے سپرد کر کے اپنی ٹیم کو 4-3 سے یادگار اور تاریخی فتح دلا دی۔
پیراگوئے کی ٹیم، جو گروپ اسٹیج میں بہترین تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں شامل ہو کر یہاں تک پہنچی تھی، اب پری کوارٹر فائنل (آخری 16) میں دو بار کی عالمی چیمپئن فرانس یا سویڈن میں سے کسی ایک کا مقابلہ کرے گی۔

