ہندوتوا سوچ نے بھارت کے سیکولر چہرے کو برباد کر دیا، دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خطرہ ہے، سکیورٹی ذرائع
اسلام آباد: پاکستان کے ایک اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار نے میڈیا انفلوئنسرز اور صحافیوں کے ساتھ ایک اہم نشست کے دوران خطے کی تازہ ترین صورتحال اور پاکستان کے خلاف بھارت کی بڑھتی ہوئی سازشوں پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارت اس وقت اپنے اندرونی سنگین مسائل سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے پورے خطے، بالخصوص پاکستان میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے کے پیچھے لگا ہوا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی دہلی کی قیادت زمینی حقائق کو ماننے سے بالکل مکر رہی ہے؛ بھارت اس وقت بڑھتی ہوئی مذہبی شدت پسندی اور عدم برداشت کی وجہ سے اندرونی طور پر ایک ناکام ریاست بن چکا ہے، لیکن اسے خود کو بڑا بنا کر دکھانے کی پرانی عادت ہے۔
‘اکھنڈ بھارت’ کا غیر حقیقی خواب دراصل اس کے دوسرے ملکوں کی زمین پر قبضہ کرنے کے عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوتوا کے مروجہ نظریے نے بھارت کے نام نہاد سیکولر چہرے کو بری طرح مسخ کر دیا ہے اور وہاں کی فوج بھی بی جے پی کی متشدد اور مذہبی سیاست کی نذر ہو چکی ہے۔
معاشرے میں پھیلی اس شدید نفرت کی موجودگی میں بھارت کا ‘شائننگ انڈیا’ ہونے کا نعرہ محض ایک ڈھکوسلا اور جھوٹ ہے۔
سکیورٹی حکام نے واضح کیا کہ بھارت کی ریاست درحقیقت ایک ‘پولیس اسٹیٹ’ کی طرح کام کر رہی ہے، جہاں عام شہریوں کی آزادیِ اظہارِ رائے اور میڈیا کو پوری طرح سے سرکاری کنٹرول میں رکھا جاتا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے ایک انتہائی تشویشناک خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خطرہ ہے، جس کی شدت غزہ اور فلسطین سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے اور عالمی برادری کو اسے نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
ہندوستان میں پائی جانے والی تفریق اور اقلیتوں (بالخصوص مسلمانوں) پر ہونے والے ظلم و ستم کے باعث ملک کے مزید ٹکڑے ہونے کے حالات بن رہے ہیں۔
ہندوتوا کے پیروکار یہ ماننے کو تیار ہی نہیں ہیں کہ دوسری اقلیتوں کو بھی جینے کا پورا حق ہے، اور وہاں کے مسلمانوں کے لیے زندہ رہنے کی پہلی شرط یہ بنا دی گئی ہے کہ وہ ہندوتوا سوچ کے سامنے اپنی وفاداری کا ثبوت دیں۔
مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ وہاں کے عوام اس وقت دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی میں قید ہیں، جہاں ہر 7 سے 8 کشمیریوں پر ایک ہندوستانی فوجی اہلکار تعینات ہے۔
بھارت وہاں جاری آزادی کی حقیقی تحریکوں کو چھپانے کے لیے ہمیشہ پاکستان کا نام لے کر ‘فالس فلیگ’ کا ڈھونگ رچاتا ہے تاکہ دنیا کو گمراہ کیا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ بھارتی جنونیت ایک مضبوط، خوشحال اور معتدل پاکستان کو اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے، اسی لیے ان کا میڈیا اور سیاست ہمیشہ پاکستان اور پاک افواج کے خلاف زہر اگلنے میں الجھے رہتے ہیں، لیکن پاکستان کے عوام بھارت سے کبھی مرعوب نہیں ہوں گے۔
بریفنگ کے آخر میں ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا گیا کہ آزاد کشمیر کی کالعدم ‘جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی’ کے کچھ سرکردہ رہنما بھی درحقیقت اسی بھارتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں تاکہ ملک کو اندرونی طور پر نقصان پہنچایا جا سکے۔

