دہشت گردوں کے خلاف ‘آپریشن غضب الحق’ پوری قوت سے جاری ہے، شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی

اسلام آباد: ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ملک کی خارجہ پالیسی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا اہم سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔

دورہ ایران کے دوران وزیر اعظم تہران میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کریں گے اور پاکستان کی حکومت و عوام کی طرف سے برادر ملک ایران سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، جس کے بعد وہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول روانہ ہوں گے۔

ترجمان نے افغانستان کے حوالے سے جاری دوحہ مذاکرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان نے اس میں ایک بار پھر سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے، تاہم ایرانی قیادت کی تدفین کے بعد یہ عمل دوبارہ شروع ہو گا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے اسلام آباد میں سندھ طاس معاہدے (Indus Waters Treaty) سے متعلق ہونے والے بین الاقوامی سیمینار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شرکاء نے معاہدے میں بھارت کی جانب سے کسی بھی یکطرفہ تبدیلی یا اقدام کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

اس سے قبل نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے بھی واضح کیا تھا کہ چھ دہائیوں پرانے اس معاہدے کو کوئی بھی ملک اکیلے ختم نہیں کر سکتا۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل مسئلہ دہشت گردی نہیں، بلکہ بھارتی قیادت کی وہ سوچ ہے جو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مغربی دریاؤں کے پانی میں کوئی بھی کمی ہر پاکستانی کو متاثر کرے گی اور پاکستان اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام قانونی و سفارتی راستے استعمال کرنے کا پورا حق رکھتا ہے۔

بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں 22 ایرانی ملاحوں پر مشتمل جہاز کا عملہ بحفاظت وطن واپس پہنچ گیا ہے، اور پچھلے دو مہینوں میں یہ چوتھا موقع ہے جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 70 ایرانی شہری اپنے ملک جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی کے محاذ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ‘آپریشن غضب الحق’ پوری قوت سے جاری ہے اور شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

اسی سلسلے میں 29 جون کو دہشت گردی میں ملوث ایک افغان شہری کی گرفتاری پر افغان ناظمِ امور کو بلا کر سخت احتجاج (ڈیمارش) بھی ریکارڈ کرایا گیا ہے۔

پاکستان کی ایک بڑی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ زیتون کی کاشت میں بہترین کارکردگی کی وجہ سے پاکستان کو ‘انٹرنیشنل اولیو کونسل’ کی باقاعدہ رکنیت مل گئی ہے، جہاں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان کی نمائندگی کی، اور اب پاکستان عالمی سطح پر "اولیو ڈپلومیسی” کو فروغ دے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی جیلوں میں قید 750 پاکستانیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کر کے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ فاروق آباد کے ایک خستہ حال گردوارے کو متروکہ وقف املاک بورڈ کی اجازت کے بغیر گرانے کی کوشش کو اسی دن روک دیا گیا تھا۔

صومالیہ میں سمندری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی رہائی ابھی ممکن نہیں ہو سکی، لیکن حکومت جہاز کے مالک اور یورپی یونین کی نیول فورس سمیت تمام بین الاقوامی فورمز سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ان کی بحفاظت واپسی ممکن ہو سکے۔