جب تک حالات ٹھیک نہیں ہوتے، الیکشن کا حصہ نہیں بنیں گے؛ تحریک انصاف کا آزاد کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ عام انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کا ایک بڑا اور اہم ترین اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری ہونے والے باضابطہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ خراب حالات میں پارٹی کسی بھی صورت انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔
تحریک انصاف کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ ان کا یہ فیصلہ کسی سیاسی فائدے یا نقصان کو دیکھ کر نہیں کیا گیا، بلکہ یہ فیصلہ خالصتاً کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور جمہوری اصولوں کے احترام میں کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے موقف اپنایا ہے کہ جب تک کشمیری عوام کے لیے ایک آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول قائم نہیں ہو جاتا، وہ الیکشن سے دور رہیں گے۔
کور کمیٹی کے اعلامیے میں مروجہ حالات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر اس وقت ایک شدید سیاسی اور انسانی بحران سے گزر رہا ہے۔
راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں عام شہری اپنے جائز مطالبات کے حق میں طویل دھرنے دیے بیٹھے ہیں، جبکہ دوسری طرف پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خورونوش اور آٹے کی ترسیل بھی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے، جس سے مقامی عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ کشمیری عوام کو مزید سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے بجائے ان کے معاشی اور سماجی مسائل کا فوری اور پائیدار حل نکالا جانا چاہیے۔
تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ اس وقت آزاد کشمیر کی آئینی، جمہوری اور سیاسی شناخت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور کشمیری عوام کی حقیقی نمائندہ آوازوں کو دبانے کی کوششیں جاری ہیں۔
سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، گرفتاریاں عروج پر ہیں اور میڈیا پر بھی قدغنیں لگی ہوئی ہیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق، ایسے گھٹن زدہ ماحول میں انتخابی عمل اپنی اصل ساکھ اور معنویت کھو دیتا ہے، اس لیے وہ الیکشن لڑنے کے بجائے کشمیری عوام کے حقوق کے ساتھ کھڑے ہونے کو ترجیح دیتے ہیں۔
حالات معمول پر آنے تک انتخابات سے الگ رہنے کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ‘جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی’ کے تمام معاملات کو افہام و تفہیم اور بات چیت سے حل کرے، انتخابی شیڈول پر نظرِثانی کی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک جیسا آزادانہ ماحول فراہم کیا جائے۔
اس فیصلے کے تحت پی ٹی آئی نے اپنے پارلیمانی بورڈ کی طرف سے ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق تمام سفارشات اور امور کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے اور پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا عمل اگلے فیصلے تک روک دیا گیا ہے۔

