گلگت بلتستان میں حکومت سازی؛ پیپلز پارٹی نے امجد حسین ایڈووکیٹ کو وزیراعلیٰ نامزد کر دیا

گلگت: گلگت بلتستان میں حالیہ عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے عمل میں ایک بہت بڑی اور حتمی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی صدر اور نومنتخب رکنِ اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کو گلگت بلتستان کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کر دیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق، یہ گلگت بلتستان کی سیاسی تاریخ کا ایک منفرد اعزاز ہے کیونکہ پہلی بار گلگت ریجن سے کسی رہنما کو وزیراعلیٰ کے منصب کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

امجد حسین ایڈووکیٹ حالیہ عام انتخابات میں حلقہ جی بی اے 1 (GBA-1) گلگت سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔

نامزدگی کے فوراً بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امجد ایڈووکیٹ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں حکومت سازی کے معاملات، عوامی مفادات کی ترجیح، خطے کے آئینی و معاشی حقوق کے حصول اور آئندہ کی حکمتِ عملی سے متعلق تفصیلی و خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

حکومت سازی کے اس عمل کو مزید تقویت دینے کے لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مابین وفاقی طرز پر ایک اہم تزویراتی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت دونوں جماعتوں نے ایوان میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

گلگت میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن نے باقاعدہ اعلان کیا کہ ن لیگ قائدِ ایوان (وزیراعلیٰ) کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار امجد حسین ایڈووکیٹ کو ووٹ دے کر کامیاب بنائے گی۔

انہوں نے مزید واضع کیا کہ ڈپٹی اسپیکر اور گورنر گلگت بلتستان کے معزز عہدوں کا فیصلہ دونوں جماعتوں کے مابین طے شدہ وفاقی فارمولے کے تحت کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کی قیادت نے مسلم لیگ (ن) کے اس تزویراتی فیصلے اور تعاون پر وزیراعظم اور ن لیگ کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں طویل مدتی سیاسی و معاشی استحکام کی جانب ایک انتہائی اہم اور خوش آئند قدم ثابت ہوگی۔