ملک میں محرم الحرام 1448ھ کا چاند نظر نہیں آیا، یکم محرم 17 جون اور یومِ عاشور 26 جون بروز جمعہ کو ہو گا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی ماہِ محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ہے، جس کے بعد اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم محرم الحرام 17 جون 2026 بروز بدھ کو ہوگی جبکہ یومِ عاشور (10 محرم) 26 جون بروز جمعہ کو منایا جائے گا۔
محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں کمیٹی ممبران کے علاوہ محکمہ موسمیات اور تکنیکی معاونت کے لیے سپارکو (SPARCO) کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اس کے ساتھ ہی کراچی، کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے گئے۔
مرکزی کمیٹی کے اس اعلان کے فوری بعد وزارتِ مذہبی امور نے بھی محرم الحرام کے آغاز سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ سپارکو نے پہلے ہی یہ پیشگوئی کی تھی کہ 15 جون کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر کم ہونے کی وجہ سے اس کے نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے ملک کی موجودہ سفارتی کامیابیوں اور عسکری و سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی قومی قیادت، خصوصاً وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پر بے حد ناز ہے، جن کی شبانہ روز مخلصانہ محنت اور کوششوں کے باعث امریکہ اور ایران مذاکرات کی میز پر آئے اور عالمی امن ممکن ہوا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ وہ اس کامیابی پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت تمام ملکی قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے ملکی دفاع پر بات کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں عزم ظاہر کیا کہ ہم فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کی کسی بھی ملک دشمن سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اپنی بہادر افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے محرم الحرام کے تقدس اور امن و امان کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں ہمیشہ اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ہر شخص کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ نبی کریم ﷺ کا فرمانِ عالیشان ہے کہ "حسن اور حسین جنت کے جوانوں کے سردار ہیں”، لہٰذا ہمیں ان عظیم ہستیوں کی پاکیزہ تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اس مقدس مہینے میں کسی کی بھی دل آزاری سے مکمل طور پر بچنا چاہیے تاکہ ملک دشمن عناصر کو بدامنی پھیلانے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔

