آزاد کشمیر کے کچھ بہکے ہوئے بھائی کسی ایجنڈے پر چل رہے ہیں، آئین کا آرٹیکل 5 ضرور پڑھ لیں، خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر کی صورتحال اور وہاں جاری حالیہ احتجاج کے تناظر میں ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے کچھ بہکے ہوئے بھائی جو آج کل کسی مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں، انہیں آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 5 ضرور پڑھ لینا چاہیے۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ آئین کا آرٹیکل 5 ملک کے ہر شہری سے ریاست کے ساتھ غیر متزلزل وفاداری کا تقاضا کرتا ہے اور کسی بھی قسم کے مذاکرات یا بات چیت کی ابتدا ہمیشہ ریاست سے وفاداری اور اس کی مکمل اطاعت کے اقرار سے ہی ہوتی ہے۔

وزیر دفاع نے اپنے اس اہم نظریاتی اور قانونی بیان میں مصلحت پسندی کے بجائے دوٹوک موقف اپنایا اور اپنے پیغام کو مزید تقویت دینے کے لیے قرآن پاک کی سورہ المائدہ کی ایک آیت مبارکہ کا حوالہ بھی دیا۔

وزیر دفاع کا یہ سخت ردعمل آزاد کشمیر میں سرگرم کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج اور حقوق کی آڑ میں کی جانے والی مبینہ اشتعال انگیزی کے بعد سامنے آیا ہے۔

سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اس سے قبل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطلوب رہنما کی دکان سے اشتعال انگیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، جبکہ کمیٹی کے سرغنہ کی اسلحہ کے ساتھ تصاویر بھی منظر عام پر آ چکی ہیں۔

اس کے علاوہ سرکاری حلقوں کی جانب سے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور بھارتی میڈیا کے درمیان پاکستان مخالف مذموم عزائم کے لیے گٹھ جوڑ کو بھی بے نقاب کیا جا چکا ہے۔

خواجہ آصف نے اپنے بیان کے ذریعے واضح کیا ہے کہ حقوق حاصل کرنے کی آڑ میں کسی کو بھی ملک میں انتشار پھیلانے یا کسی بیرونی ایجنڈے کا آلہ کار بننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے بہکے ہوئے عناصر پر زور دیا کہ وہ ملکی آئین اور قوانین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے معاملات کو درست کریں۔

سیاسی ماہرین وزیر دفاع کے اس بیان کو ریاست کی جانب سے ایک واضح پیغام قرار دے رہے ہیں کہ ملکی سالمیت، آئین کی بالادستی اور ریاست سے وفاداری پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔