وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امن معاہدے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ کا مسئلہ بہت جلد حل ہو جائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی صلح ہو گی۔

لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ ایران اور امریکہ کے امن معاہدے سے متعلق آئندہ ایک سے دو دن کے اندر انتہائی اچھی اور مثبت خبر سامنے آئے گی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس تاریخی امن معاہدے کی تکمیل پر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کی نمائندگی کریں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ امریکہ اور ایران امن معاہدے کے بہت زیادہ قریب پہنچ چکے ہیں اور اگلے 24 گھنٹوں میں اسے حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے، جس کے بعد پاکستان اس پر الیکٹرانک دستخط کی تیاری کر رہا ہے۔

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں شدید اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر سے بھی تجاوز کرنے لگی تھی، تاہم حکومت نے انتہائی مشکل حالات میں بہترین پلاننگ کے ساتھ قیمتوں کو مستحکم رکھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے حکمت عملی کے تحت کام نہ کرتی تو ملک میں پیٹرول کی قیمت ایک ہی وقت میں ڈھائی سو روپے بڑھ جاتی، جس سے عوام پر ناقابل برداشت بوجھ پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات پوری دنیا نے محسوس کیے ہیں اور پاکستان بھی اس صورتحال سے متاثر ہوا لیکن حکومت نے عوام کو بڑے جھٹکے سے بچانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ملکی سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ان کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں کے درمیان مضبوط رابطے برقرار ہیں۔

انہوں نے افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور اس حوالے سے کسی کو بھی پریشان ہونے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔

دوسری جانب انہوں نے ملک میں زراعت کے شعبے میں ہونے والی مسلسل گراوٹ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ زرعی پیداوار میں کمی ملکی معیشت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، جس پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ معاشی اصلاحات کے ثمرات ہر شہری تک پہنچائے جا سکیں۔