فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے ایک انتہائی سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے میں جنوبی کوریا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیک ریپبلک کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے اس اہم میچ کا پہلا ہاف انتہائی دفاعی انداز میں کھیلا گیا جہاں دونوں جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کیے گئے لیکن کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
پورے مقابلے کے دوران جنوبی کوریا نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور گول کرنے کے متعدد مواقع پیدا کیے تاہم چیک گول کیپر ماتیج کووار نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے کئی یقینی گولز کا راستہ روکا اور اپنی ٹیم کو میچ میں برقرار رکھا۔
دوسرے ہاف کا آغاز ہوا تو جنوبی کوریا کے شاندار کھیل کے باوجود میچ کا پہلا گول 59ویں منٹ میں جمہوریہ چیک کے لادیسلاو کریجچی نے اسکور کیا، انہوں نے ایک طویل تھرو اِن پر بہترین ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو اہم برتری دلا دی۔ تاہم برتری حاصل کرنے کے باوجود چیک ٹیم دباؤ میں دکھائی دی اور جنوبی کوریا نے پے در پے حملے شروع کر دیے۔
میچ کے 67ویں منٹ میں جنوبی کوریا کی جانب سے وانگ ای بیوم نے ایک شاندار موو بنا کر گیند کو حریف کے جال میں پہنچا دیا اور مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ میچ کے 77ویں منٹ میں چیک ٹیم نے ایک اور گول کیا لیکن ٹوماس سوچیک کی اس کوشش کو ریفری نے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا۔
اس کے ٹھیک تین منٹ بعد یعنی 80ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے متبادل کھلاڑی اوہ ہیون گیو نے حریف دفاع کو جکڑتے ہوئے ایک بہترین فیصلہ کن گول اسکور کیا اور اپنی ٹیم کو 1-2 سے یادگار فتح دلا دی۔
بقیہ وقت میں چیک ریپبلک کی ٹیم نے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن جنوبی کوریا کے مضبوط دفاع نے انہیں مزید کوئی موقع نہ دیا اور میچ ایشیائی ٹیم کی جیت پر ختم ہوا۔
اس شاندار کامیابی کے بعد جنوبی کوریا ورلڈ کپ کے گروپ اے میں تین پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر سرفہرست پوزیشن پر آ گیا ہے، جہاں شریک میزبان میکسیکو بھی اپنے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقا کو 0-2 سے ہرا کر تین پوائنٹس حاصل کر چکا ہے۔

