فیفا ورلڈ کپ 2026 کا شاندار آغاز، افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا باضابطہ آغاز شاندار افتتاحی تقریب اور پُرجوش مقابلے کے ساتھ ہو گیا ہے، جہاں مشترکہ میزبان میکسیکو نے جنوبی افریقا کو 0-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔

میکسیکو سٹی کے تاریخی اسٹیڈیم ایستادیو ازٹیکا میں کھیلے گئے فٹبال ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف ہوم ٹیم کا پلڑا شروع ہی سے بھاری رہا۔ میچ کے 9ویں منٹ میں ایک بہترین موو پر میکسیکو کے جولین کوئینونیس گیند کو حریف کے جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلانے میں کامیاب رہے۔ اس ہاف میں میکسیکو کو چند اور مواقع بھی ملے مگر وہ ان کو گول میں تبدیل نہ کر سکے اور وقفے تک مقابلہ 0-1 سے میکسیکو کے حق میں رہا۔

دوسرے ہاف کا آغاز بھی میکسیکو کی ٹیم نے انتہائی جارحانہ انداز میں کیا اور حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ اس ہاف کی ابتدا میں میکسیکو کے کھلاڑی کو جنوبی افریقا کے ڈیفینڈر نے خطرناک فاؤل کے ذریعے گرایا جس پر ریفری نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ریڈ کارڈ دکھا کر انہیں میدان سے باہر کر دیا۔

میچ کے 67ویں منٹ میں میکسیکو کو اپنی برتری دگنی کرنے کا سنہری موقع مل گیا جب راول خیمنیز نے ایک بہترین پاس پر ہیڈر کے ذریعے گیند کو جنوبی افریقا کے جال میں پہنچا دیا۔ بقیہ وقت میں کوئی بھی ٹیم مزید گول اسکور نہ کر سکی اور میچ 0-2 سے میکسیکو کی شاندار جیت پر ختم ہوا۔

میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں سخت تناؤ دیکھا گیا اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر ریفری نے مجموعی طور پر 3 ریڈ کارڈز جاری کیے۔ اطلاعات کے مطابق 2 ریڈ کارڈ جنوبی افریقا اور 1 میکسیکو کے کھلاڑی کو دکھا کر میدان بدر کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوبی افریقا ورلڈ کپ کے ایک ہی میچ میں دو ریڈ کارڈ حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ 2010 کے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں بھی یہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئی تھیں جہاں مقابلہ 1-1 سے برابر رہا تھا لیکن اس بار میکسیکو نے ہوم گراؤنڈ پر مکمل برتری حاصل کی۔

اس ایڈیشن میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے جو ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے۔ دوسرے میزبان ممالک کینیڈا اور امریکہ اپنی مہم کا آغاز بالترتیب جمعہ اور ہفتہ کو کریں گے جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹائن اپنا پہلا میچ الجزائر کے خلاف کھیلے گی۔