عالمی عسکری میدان میں پاکستان کی بڑی کامیابی، پاک فوج نے برطانیہ میں انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 جیت لیا

راولپنڈی: پاک فوج نے بین الاقوامی سطح پر پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منواتے ہوئے برطانیہ میں منعقدہ باوقار "انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026” جیت لیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ عالمی سطح پر پاکستان کی ایک اور نمایاں کامیابی ہے جو پاک فوج کے اعلیٰ نظم و ضبط اور تربیت کی عکاسی کرتی ہے۔

برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں ہونے والے اس کڑے مقابلے میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کی ٹیم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستانی دستے نے نہ صرف یہ مقابلہ جیتا بلکہ میدان میں موجود تمام بڑے اعزازات بھی اپنے نام کر کے حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، مقابلے میں "بہترین پیس اسٹکر” اور "بہترین ڈرلر” کے ایوارڈز بھی پاکستانی ٹیم کے جوانوں نے حاصل کیے۔

اس بین الاقوامی معرکے میں شرکت کے لیے میجر حیدر گلزار کی قیادت میں 9 رکنی پاکستانی دستہ برطانیہ بھیجا گیا تھا۔ مقابلے میں دنیا بھر کے مختلف ممالک کی 16 فوجی ٹیموں نے حصہ لیا، جن کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ فتح پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت، سخت نظم و ضبط اور غیر معمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ماہرین کے مطابق، عالمی مقابلوں میں فتوحات اور برادر ممالک کے ساتھ بڑھتا ہوا تعاون خطے میں پاکستان کے دفاعی وقار کو مزید بلند کر رہا ہے۔