چین میں تیار ہونے والی پہلی جدید ترین اسٹیلتھ آبدوز "پی این ایس/ایم ہنگور” کراچی پہنچ گئی

کراچی: پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع اور بحری طاقت کی تاریخ میں ایک نیا اور سنہری باب رقم ہو گیا ہے۔ چین میں تیار ہونے والی پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس اسٹیلتھ آبدوز "پی این ایس/ایم ہنگور” (PNS/M HANGOR) کامیابی کے ساتھ کراچی بندرگاہ پہنچ گئی ہے۔

کراچی کے ساحل پر فاسٹ رسپانس بوٹس کے روایتی اور شاندار حصار میں بندرگاہ داخل ہونے والی یہ آبدوز محض ایک عسکری اثاثہ نہیں بلکہ بحیرہ عرب میں پاکستان کی بحری قوت، دفاعی خود اعتمادی اور جدید عسکری صلاحیتوں کی ایک نئی اور ناقابلِ تسخیر علامت ہے۔

‘ہنگور’ کا نام پاکستان کی بحری تاریخ میں جرات، مہارت اور پیشہ ورانہ برتری کا استعارہ ہے۔ یاد رہے کہ پاک بحریہ کی اصل آبدوز ‘ہنگور’ نے 1971ء کی پاک-بھارت جنگ میں بھارتی بحریہ کے جنگی جہاز ‘کھکری’ کو غرقِ آب کر کے دنیا بھر میں دھاک بٹھائی تھی، جبکہ ایک اور جنگی جہاز ‘کرپان’ کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔ اسی تاریخی اور قابلِ فخر روایت کو زندہ رکھتے ہوئے چین سے حاصل کی جانے والی ان نئی کلاس آبدوزوں کو ‘ہنگور’ کا نام دیا گیا ہے۔

چین میں تیار کی جانے والی یہ ہنگور کلاس آبدوز دنیا کے جدید ترین کامبیٹ سسٹمز، سینسرز، سونار اور ریڈار سسٹمز سے لیس ہے۔ اس کی چند بڑی خصوصیات درج ذیل ہیں:

  • اسٹیلتھ ڈیزائن: جدید اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کی بدولت یہ آبدوز دشمن کے ریڈارز اور سونار سسٹمز کی نظروں سے اوجھل رہ کر اچانک اور مؤثر کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
  • خطرناک ہتھیار: یہ آبدوز طویل فاصلے تک ٹھیک نشانہ لگانے والے گائیڈڈ تارپیڈوز اور دور تک مار کرنے والے کروز میزائل فائر کرنے کی صلاحیت سے لیس ہے۔
  • اے آئی پی (Air Independent Propulsion) ٹیکنالوجی: اس کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ روایتی آبدوزوں کے برعکس، ائیر انڈیپنڈنٹ پروپلشن سسٹم کی وجہ سے طویل عرصے تک سمندر کے اندر زیرِ آب رہ کر خطرناک ترین آپریشنز سرانجام دے سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ایک ماہ قبل چین میں اس آبدوز کی کمیشننگ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی تھی، جہاں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اہم بحری راستوں کا تعطل عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے یقین دلایا تھا کہ یہ نئی ہنگور کلاس آبدوزیں بحیرہ عرب میں پاکستان کی اہم سمندری تجارتی گزرگاہوں (SLOCs) کی سلامتی یقینی بنانے اور خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

پاک بحریہ کے اعلامیے کے مطابق، ہنگور کل بھی دشمن کے لیے خوف کی علامت تھی اور آج بھی سمندروں پر پاکستان کی برتری کا اعلان ہے۔