مظفر آباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نمازِ جنازہ ادا، آرمی چیف اور وزیراعظم کی شرکت

راولپنڈی: پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کے دورانِ پرواز مظفرآباد کے مقام پر پیش آنے والے المناک حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں، قائم مقام صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر، کور کمانڈر راولپنڈی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی جنازے میں شریک ہوئی۔

اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی۔ نمازِ جنازہ کے بعد شرکاء نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی اور وطنِ عزیز کے لیے ان کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حادثے میں شہید ہونے والے دو مسیحی جوانوں کی آخری رسومات راولپنڈی کے ‘کرائسٹ چرچ’ میں ادا کی گئیں، جہاں سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کر کے مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کا پیغام دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "شہداء کی فرض شناسی اور وطن کے دفاع کے لیے خدمات آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ مسلح افواج کی امن اور قومی خود مختاری کے لیے دی گئی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔”

شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔