این ڈی ایم اے نے 10 سے 15 جون تک بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا ہائی الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں شدید گرمی کے بعد موسم کی تبدیلی اور بارشوں کے نئے سلسلے کے پیشِ نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے 10 سے 15 جون تک کے لیے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق، چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال (Flash Floods) پیدا ہو سکتی ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقوں مظفر آباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ میں بھی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقوں گپس، یاسین، غذر، دیامر، تانگیر اور داریل میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے بالخصوص 12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق:

  • شاہراہیں: قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث عارضی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ہے۔
  • حساس مقامات: عطا آباد ٹنل، شِمشال، خپلو اور مشرقی بلتستان کے ڈھلوانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا زیادہ خطرہ ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع بشمول پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، صوابی، صوابی اور کوہاٹ سمیت میدانی علاقوں میں آندھی اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کسانوں کو کھڑی فصلوں کی حفاظت کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • حکام نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کے لیے درج ذیل ہدایات جاری کی ہیں:
  • سفر سے گریز: سیاح اور مسافر شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔
  • خطرناک مقامات: ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب رہنے والے شہری فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تیاری رکھیں اور پانی کے بہاؤ سے دور رہیں۔
  • انتظامیہ کی تیاری: ضلعی انتظامیہ کو ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے اور ہنگامی ٹیموں کو فوری رسپانس کے لیے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
  • اطلاع و ایپ: شہری تازہ ترین معلومات کے لیے ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ’ استعمال کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کے ہیلپ لائن نمبر 1700 پر رابطہ کریں۔