ملکی دفاع اور دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز کو اضافی وسائل دینا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا ایک اعلیٰ سطحی اور اہم اجلاس وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہوا، جس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتِ حال، وفاق و صوبوں کے مابین مالیاتی تعاون اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کے خدوخال طے کیے گئے۔

وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ملک کا دفاع اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر مزید وسائل پیدا کرنے پر تفصیلی مشاورت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش دہشت گردی کے ناسور، بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جاری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اضافی اور بھاری وسائل درکار ہیں، جن کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔