گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی، وزیراعظم کی آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو مبارکباد

اسلام آباد: گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ مکمل ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے۔ اس شاندار انتخابی کامیابی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔

انتخابی نتائج کے مطابق، گلگت بلتستان اسمبلی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 نشستیں اپنے نام کیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) 4 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ تحریک انصاف (PTI) کے حمایت یافتہ ایک امیدوار جبکہ 6 نشستوں پر آزاد امیدواروں نے میدان مارا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی جی بی میں اکثریتی سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے اور وہ اس کامیابی کی حقدار ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں اور پوری ٹیم کو انتخابی مہم میں بھرپور محنت کرنے اور اچھا مقابلہ کرنے پر شاباش دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات کے انعقاد پر وہاں کے غیور عوام کو بھی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید سیاسی گہما گہمی کے باوجود سیاسی سرگرمیوں میں پرامن اور بھرپور شرکت جمہوریت کا اصل حسن ہے اور گلگت بلتستان کے عوام اس پر خصوصی تحسین کے مستحق ہیں۔

وزیراعظم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے غیر جانبدارانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنایا جو کہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتخابی عمل کے دوران امن و امان کا ماحول برقرار رکھنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان اسمبلی کے تمام نومنتخب ارکان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت اور منتخب نمائندے علاقے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنا مؤثر اور کلیدی کردار ادا کریں گے تاکہ خطے کو معاشی طور پر مستحکم کیا جا سکے۔