ورلڈ کپ جیتنے والے سوریا کمار یادیو ڈراپ، شریاس ائیر بھارت کے نئے ٹی20 کپتان مقرر

ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے ایک حیران کن اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسٹار بیٹر سوریا کمار یادیو سے ٹی20 فارمیٹ کی کپتانی واپس لے لی ہے۔ بی سی سی آئی نے مڈل آرڈر بیٹر شریاس ائیر کو ٹی20 فارمیٹ کا نیا کپتان مقرر کیا ہے، جو آئرلینڈ، انگلینڈ کے خلاف سیریز اور آئندہ ایشین گیمز میں بھی بھارتی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

سلیکشن کمیٹی کا یہ فیصلہ اس لحاظ سے انتہائی چونکا دینے والا ہے کہ سوریا کمار یادیو کو نہ صرف کپتانی سے ہٹایا گیا ہے بلکہ انہیں اسکواڈ کا حصہ بھی نہیں بنایا گیا، حالانکہ بھارتی ٹیم نے ان ہی کی کپتانی میں حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے مطابق 31 سالہ شریاس ائیر کی طویل عرصے بعد ٹی20 اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 2024 کا ٹائٹل جتوانے اور ان کی شاندار قیادت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مستقبل کے طویل مدتی منصوبوں، بالخصوص 2028 کے ٹی20 ورلڈ کپ اور لاس اینجلس اولمپکس کی تیاریوں کے لیے بہترین انتخاب قرار دیا گیا ہے۔

نئے اسکواڈ میں نوجوان بیٹر تلک ورما کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور پریمیئر فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت آرام دیا گیا ہے، جبکہ حیران کن طور پر رنکو سنگھ اور اسپنر کلدیپ یادیو اس بار اسکواڈ میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

بھارت اس ماہ کے آخر میں آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی20 میچز کھیلے گا، جس کے بعد جولائی میں انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی اہم سیریز شیڈول ہے۔