محکمہ موسمیات نے 7 سے 12 جون کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی وارننگ جاری کر دی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات (PMD) نے ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کی لہر (Severe Heatwave) کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے 7 سے 12 جون تک باقاعدہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس دوران بالائی فضا میں ہائی پریشر بننے کے باعث درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے، جس سے میدانی اور ساحلی علاقے شدید متاثر ہوں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں 8 سے 12 جون کے دوران مطلع شدید گرم اور خشک رہے گا، جہاں پارہ 40 سے بڑھ کر 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب، سندھ اور بلوچستان کے اندرونی اضلاع شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ 7 سے 12 جون کے دوران سکھر، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، شہید بینظیر آباد، سبی، تربت اور پنجگور میں پارہ معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہو کر 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ کی ہولناک سطح تک پہنچ سکتا ہے۔ شدید گرمی کے باعث جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں بشمول لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں 8 سے 11 جون کے دوران گرمی عروج پر ہوگی، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور آزاد کشمیر کے اضلاع میں بھی درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہے گا اور وہاں پارہ 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

کے پی کے میدانی اضلاع پشاور، مردان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بھی موسم غیر معمولی گرم رہے گا اور وہاں پارہ 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی اس سنگین صورتحال کے پیشِ نظر عوام الناس، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو سختی سے ہداہت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے مکمل گریز کریں، دھوپ میں نکلتے وقت سر اور گردن کو گیلے کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپ کر رکھیں، پانی اور ٹھنڈے مشروبات (او آر ایس، لیموں پانی) کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔