ورلڈ کپ میں شرکت کی راہ ہموار؛ امریکا نے ایرانی فٹبال ٹیم کو ویزے جاری کر دیے

واشنگٹن: امریکا اور ایران کے درمیان طویل سفارتی کشیدگی کے سائے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی حکومت نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو ویزے جاری کر دیے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے حکام نے جمعے کے روز اس خبر کی تصدیق کی، جس کے بعد ایرانی ٹیم کی ایونٹ میں شرکت پر منڈلاتے غیر یقینی کے بادل چھٹ گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق، وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ ایرانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو امریکا میں داخلے کے لیے تمام ضروری ویزے راتوں رات جاری کر دیے گئے ہیں۔

اس سے قبل میکسیکو میں تعینات ایرانی سفیر ابوالفضل پسندیدہ نے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ ویزوں میں تاخیر کی وجہ سے ٹیم کی شرکت خطرے میں ہے، تاہم امریکی حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسکواڈ کو کلیئرنس دے دی ہے۔

دوسری جانب، ایرانی خبر رساں ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ کھلاڑیوں کو ویزے مل چکے ہیں، لیکن تکنیکی عملے کے کچھ اراکین کے ویزے تاحال زیرِ التوا ہیں، جس پر ایرانی فٹبال فیڈریشن نے ابھی تک کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا ہے۔

ایران کی ٹیم ورلڈ کپ کے گروپ جی (Group G) میں شامل ہے اور اپنی مہم کا آغاز کیلیفورنیا سے کرے گی۔ شیڈول کے مطابق:

  • پہلا میچ: 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف (لاس اینجلس)۔
  • دوسرا میچ: بیلجیئم کے خلاف (لاس اینجلس)۔
  • تیسرا میچ: مصر کے خلاف (سیئٹل)۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تلخ سیاسی تعلقات کے باعث ایرانی ٹیم کی امریکا میں آمد کو عالمی میڈیا میں خاصی توجہ مل رہی ہے۔ کھیلوں کے ماہرین اسے "اسپورٹس ڈپلومیسی” کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جہاں فٹبال کے میدان میں دونوں قومیں آمنے سامنے ہوں گی۔