کاکامیگاہارا: ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں کھیلے جا رہے انڈر 18 ایشیا کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو ایک سخت اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سیمی فائنل میں شکست کے باوجود پاکستانی نوجوانوں نے پہلی بار بین الاقوامی سطح پر کھیلتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
کھیل کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان بالادستی قائم کرنے کی جنگ دیکھی گئی۔ میچ کے 12ویں منٹ میں بھارت کو پنالٹی اسٹروک ملا، جس پر اشیش تانی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔ دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے کم بیک کیا اور عدیل نے ایک خوبصورت فیلڈ گول داغ کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ ہاف ٹائم تک دونوں ٹیمیں اسی اسکور پر برابر رہیں۔
تیسرے کوارٹر میں کھیل کی رفتار مزید تیز ہو گئی۔ 35 ویں منٹ میں بھارت کے شاہ رخ نے گول کر کے اسکور 1-2 کر دیا، لیکن محض دو منٹ بعد 37 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد فرحان نے شاندار گول کر کے حساب برابر کر دیا۔ کھیل کے 42 ویں منٹ میں پاکستان کے عزیر احمد نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر گرین شرٹس کو پہلی بار 2-3 کی برتری دلا دی۔
چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستانی ٹیم اپنی برتری کو برقرار رکھنے میں ناکام رہی اور دفاعی غلطیوں کا فائدہ بھارتی اسٹرائیکر اشیش تانی نے خوب اٹھایا۔ اشیش تانی نے آخری کوارٹر میں لگاتار 3 گول اسکور کر کے نہ صرف اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ مجموعی طور پر میچ میں 4 گول کر کے بھارت کو 3-5 سے فتح دلا دی۔
اب ایونٹ کا فائنل بھارت اور میزبان جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستانی ٹیم تیسری پوزیشن (برانز میڈل) کے معرکے میں ملائیشیا کے مدمقابل ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش کو 2-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی انڈر 18 ٹیم کی کارکردگی اور آخری سیکنڈ تک لڑنے کے جذبے کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کو ایونٹ سے چند ہفتے قبل ہی تشکیل دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں تیاری کے لیے بہت کم وقت ملا۔ ٹیم کے اکثر کھلاڑی پہلی بار کسی انٹرنیشنل ایونٹ کا حصہ بن رہے تھے۔ ان نامساعد حالات اور تجربے کی کمی کے باوجود میدان میں ان کا تال میل اور شاندار مووز پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کی نوید ہیں۔
پی ایچ ایف کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ ان کھلاڑیوں کے طویل سفر کی محض شروعات ہے، قوم کو اپنے ہیروز پر فخر ہے اور مستقبل میں ان کی پشت پناہی جاری رکھی جائے گی۔

