کاروباری طبقے کے لیے بڑا ریلیف؛ مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں توسیع

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور شدید گرمی کے باعث شہریوں کی سہولت کے لیے دکانوں، بازاروں اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں توسیع کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت منعقدہ "کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی اور عملدرآمد کمیٹی” کے اجلاس میں کیا گیا۔

کمیٹی نے موسمِ گرما میں دن کے طویل دورانیے اور شدید درجہ حرارت کو مدِنظر رکھتے ہوئے کاروباری اوقات میں درج ذیل نرمی کی منظوری دی ہے:

  • دکانیں اور شاپنگ مالز: اب رات 9 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
  • ریسٹورنٹس اور کیفے: کھانے پینے کے مراکز کو رات 11 بجے تک کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔
  • شادی ہالز: تقریبات کے لیے اوقات کار رات 10 بجے تک برقرار رکھے گئے ہیں۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز کو ان اوقات کی پابندی سے مکمل مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح فارمیسیز، ہسپتال، پٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق ضروری سروسز بھی معمول کے مطابق 24 گھنٹے کام جاری رکھ سکیں گی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ نئے اوقات کار کا مقصد توانائی کے مؤثر استعمال اور معاشی سرگرمیوں کے درمیان ایک بہترین توازن برقرار رکھنا ہے۔

کمیٹی نے صوبائی حکومتوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ وفاقی حکام کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ان فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ بجلی کی بچت کا ہدف بھی حاصل کیا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء برائے پیٹرولیم، اطلاعات، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی اور وزیراعظم کے معاونینِ خصوصی سمیت چاروں صوبوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔