پاکستان کی کامیاب ملٹری و پولیٹیکل ڈپلومیسی؛ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کا پاک فوج اور حکومت کو زبردست خراجِ تحسین

اسلام آباد: یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی نو منتخب سربراہ کایا کالاس نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے کلیدی اور قائدانہ سفارتی کردار کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔ عالمی میڈیا جریدے ‘العربیہ’ کے مطابق یورپی یونین نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے مشرقِ وسطیٰ میں ایک تباہ کن عالمی جنگ کا خطرہ ٹال دیا ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کایا کالاس نے پاکستان کی مدبرانہ حکمتِ عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کا انتہائی مخلصانہ اور تاریخی کردار ادا کر کے ایک مکمل اور بڑے پیمانے پر پھیلی ہوئی جنگ کو ٹالنے میں مدد کی ہے۔ پاکستان کی شاندار سفارتی کوششوں نے کئی نازک مواقع پر ایران اور امریکا کے درمیان براہِ راست تصادم کے آغاز کو روکا۔

عالمی جریدے ‘العربیہ’ کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے اور ان کے درمیان موجود شدید اختلافات کو کم کرنے کے لیے طویل عرصے تک پسِ پردہ کوششیں جاری رکھیں۔ پاکستان نے دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود کے درمیان طویل اور براہِ راست مذاکرات کی میزبانی بھی کی۔

رپورٹ میں خصوصی طور پر تذکرہ کیا گیا ہے کہ عسکری قیادت بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان مخلصانہ کوششوں کو مسلسل جاری رکھا اور واشنگٹن و تہران کے مابین حائل تمام بڑی رکاوٹوں اور غلط فہمیوں کو دور کرنے میں کلیدی ترین کردار ادا کیا۔

دفاعی اور خارجہ امور کے ماہرین کے مطابق، پاکستان نے دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچانے کے لیے اپنی کامیاب پولیٹیکل اور ملٹری ڈپلومیسی (سیاسی و عسکری سفارت کاری) کا لوہا منوایا ہے۔

عالمی سطح پر یہ اعتراف اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے ایک انتہائی معتبر، ناگزیر اور بااعتماد ملک کی حیثیت رکھتا ہے۔ امریکا اور ایران جیسی متصادم قوتوں کا پاکستان پر مکمل اعتماد کرنا ملکی تاریخ کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔