کینگروز کا پلٹ وار؛ دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 41 رنز سے شکست، سیریز 1-1 سے برابر

لاہور: لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن 232 رنز کے تعاقب میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور شاداب خان کی مزاحمتی اننگز کے باوجود پوری ٹیم 190 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔ کینگروز کی جانب سے کیمرون گرین 53 اور کپتان جوش انگلس 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ میٹ رنشا نے 43 اور اولیور پیک نے 31 رنز کا حصہ ڈالا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حارث رؤف، ابرار احمد اور نوجوان عرفات منہاس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

232 رنز کا بظاہر آسان ہدف پاکستانی بلے بازوں کے لیے مشکل ثابت ہوا۔ صاحبزادہ فرحان (3)، عبدالصمد (2) اور سلمان علی آغا (7) جلد پویلین لوٹ گئے۔ اسٹار بلے باز بابر اعظم بھی صرف 16 رنز بنا سکے۔ مڈل آرڈر میں غازی غوری نے 37 اور عرفات منہاس نے 33 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

نائب کپتان شاداب خان نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، تاہم وہ ٹیم کو فتح کی دہلیز پار نہ کرا سکے اور پوری ٹیم 44 اوورز میں 190 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جیت میں نیتھن ایلس نے کلیدی کردار ادا کیا جنہوں نے 4 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میتھیو شارٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم زمپا، میتھیو کوہنمن اور تنویر سانگھا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، تاہم اب دوسرے میچ میں کینگروز کی کامیابی کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے۔

سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ اب دونوں ٹیموں کے لیے فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔