حج نے مجھے بوجھل کیفیتوں سے نجات دلائی اور اللہ کے فیصلوں کے سامنے جھکنا سکھایا؛ اداکارہ درفشاں سلیم کا فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد جذباتی پیغام

مکہ مکرمہ: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی صفِ اول کی خوبصورت اور معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے اپنے والدین کے ساتھ فریضۂ حج کی سعادت حاصل کر لی ہے۔ اس مقدس اور بابرکت سفر کی تکمیل کے بعد، اداکارہ نے سوشل میڈیا پر مکہ مکرمہ سے اپنی یادگار تصاویر اور دل کو چھو لینے والا ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے اپنے روحانی تجربات مداحوں کے ساتھ بانٹ دیے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر درفشاں سلیم نے حجاب اور عبائے میں ملبوس اپنی خوبصورت تصاویر پوسٹ کیں اور اس سفر کو صبر، شکر اور اللہ پر بے مثال توکل کی ایک منفرد داستان قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ مجھے بے حد خوشی اور فخر ہے کہ میں نے یہ مقدس سفر اپنی امی اور ابو کے ساتھ کیا۔ ماشاء اللہ، ان میں مجھ سے زیادہ ہمت اور طاقت تھی، جبکہ میں خود رمی (شیطان کو کنکریاں مارنے) کے پہلے ہی دن طبیعت ناساز ہونے کے باعث بیمار ہو گئی تھی۔

درفشاں نے مکہ مکرمہ اور منیٰ کے کیمپس میں گزرے لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سفر کے دوران ان کی ملاقات دنیا بھر سے آئی ہوئی چند شاندار لڑکیوں اور خواتین سے ہوئی۔ انہوں نے لکھا کہ ہم نے مل کر دعائیں مانگیں، ساتھ روئے، ہنسے اور کیمپ میں کھانا شیئر کیا۔ اس دوران تقویٰ سے بھرپور بے شمار خوبصورت کہانیاں سننے کو ملیں، جس نے ہمیں دینِ اسلام کو صرف الفاظ کی حد تک نہیں، بلکہ عملی زندگی میں دیکھنے اور سمجھنے کا موقع دیا۔

اپنے اندرونی احساسات کا اظہار کرتے ہوئے درفشاں سلیم کا کہنا تھا کہ وہ اس عظیم روحانی تجربے کو مکمل طور پر الفاظ کا روپ نہیں دے سکتیں، تاہم وہ ایک بات ضرور جانتی ہیں کہ میں اپنے پیچھے وہ بہت سی جذباتی اور بوجھل کیفیتیں چھوڑ کر جا رہی ہوں، جن کا بوجھ میں کافی عرصے سے اپنے دل پر اٹھائے ہوئے تھی۔ حج نے مجھے دنیاوی اور جذباتی وابستگیوں سے بلند ہو کر اللہ تعالیٰ کے فیصلوں کے سامنے مکمل سپردگی اختیار کرنا سکھایا ہے، اور یہی وہ سبق ہے جو میں بار بار خود کو یاد دلاتی رہوں گی۔ اس وقت میرا جسم تھکن سے چُور ہے، لیکن دل پہلے سے کہیں زیادہ مطمئن، پُرسکون اور مسرور ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو حج کی مبارکباد دی اور گہری دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس فرض کی ادائیگی کی سعادت عطا فرمائے، اور جب بھی کسی کو یہ موقع ملے تو یہ مقدس سفر انسان کے ظاہر کے ساتھ ساتھ اس کے باطن کو بھی گہرائی سے بدل کر رکھ دے، آمین۔

درفشاں سلیم کی اس ایمان افروز پوسٹ کے سامنے آتے ہی شوبز انڈسٹری کے ستاروں، ان کے قریبی دوستوں اور لاکھوں مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا ہے اور سب ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔