لاہور: حال ہی میں شدید تنازعات اور ہراسانی کے الزامات کی خبروں میں گھری رہنے والی معروف پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ ہفتے کے روز اداکارہ کے گھر پر ‘دعائے خیر’ کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
دعائے خیر کی اس تقریب میں مومنہ اقبال اور ان کے ہونے والے شوہر حمزہ حبیب نے رنگوں کے انتخاب میں ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ مومنہ اقبال نے ہلکے گلابی اور سنہرے رنگ کا روایتی غرارہ زیب تن کیا، جبکہ حمزہ حبیب بھی ہلکے گلابی رنگ کے کرتے شلوار اور واسکٹ میں نظر آئے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جوڑے کے اس سادہ اور دلکش انداز کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ہی مومنہ اقبال اور حمزہ حبیب کے سادہ نکاح کی خبریں سامنے آئی تھیں، جس کی اب باقاعدہ تصدیق ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق ‘دعائے خیر’ کے بعد شادی کی دیگر تقریبات کا باقاعدہ آغاز آج (اتوار) سے ہو رہا ہے، جس میں قریبی دوست احباب اور شوبز شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
مومنہ اقبال کی شادی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب وہ ایک قانونی لڑائی میں مصروف ہیں۔ اداکارہ نے چند روز قبل لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف ایف آئی اے (NCCIA) میں ہراسانی اور قتل کی دھمکیاں دینے کی درخواست دائر کی تھی۔
مومنہ کا موقف ہے کہ مذکورہ سیاست دان انہیں شادی کرنے پر ہراساں کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ کے خلاف دھمکیوں کا جوابی مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔
ان تمام تر قانونی پیچیدگیوں اور تنازعات کے باوجود، مومنہ اقبال اپنی نئی زندگی کے آغاز پر کافی خوش دکھائی دے رہی ہیں۔ مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد اداکارہ کو مبارکباد دے رہی ہے اور ان کی نئی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہی ہے۔

