راولپنڈی: پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے یادگار ترین اور 1000ویں ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں نوجوان لیفٹ آرم اسپنر عرفات منہاس نے جادوئی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس نے کینگروز کی مضبوط بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑاتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی ون ڈے تاریخ میں ڈیبیو پر 5 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔
عرفات منہاس نے اپنی اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی پاکستان کا 42 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ان سے قبل 1984 میں فاسٹ بولر ذاکر خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو پر 19 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ 1983 میں لیجنڈ اسپنر عبدالقادر نے بھی نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو پر 4 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔ عرفات منہاس اب ڈیبیو پر 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن چکے ہیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ پر عرفات منہاس کی گھومتی ہوئی گیندوں نے آسٹریلوی بلے بازوں کو بے بس کر دیا۔ انہوں نے خطرناک اوپنر میتھیو شارٹ، جوش انگلس، مارنس لبوشین اور کیمرون گرین جیسے بڑے ناموں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ لبوشین اور کیمرون گرین تو کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے۔

