کرکٹ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا

سینٹ جونز: کرکٹ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم دو اہم ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے رواں سال جولائی میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں روایتی حریفوں کے مابین ریڈ بال کرکٹ کا جوڑ پڑے گا۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچز ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو میں کھیلے جائیں گے

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 25 سے 29 جولائی تک کھیلا جائے گا۔ اس میچ کی میزبانی برائن لارا کرکٹ اکیڈمی کرے گی۔ اس سیریز کی سب سے خاص اور تاریخی بات یہ ہے کہ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی کی تاریخ میں پہلی بار کسی بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی جائے گی، جس کے لیے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

کنگسٹن اور بارباڈوس کے بجائے اس بار سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 2 سے 6 اگست تک ٹرینیڈاڈ کے تاریخی میدان کوئنز پارک اوول میں کھیلا جائے گا، جہاں پچز روایتی طور پر سپنرز اور بلے بازوں دونوں کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہیں۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی اپنی ہوم سیریز کے شیڈول جاری کیے ہیں۔ شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے سے قبل جون اور جولائی میں سری لنکا کے خلاف آل فارمیٹ (ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20) کی مکمل سیریز کھیلے گی۔

اس کے فوراً بعد جولائی میں ہی کالی آندھی کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ (ODI) میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہوگی، جس کے اختتام پر پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔