پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل آسٹریلیا کو بڑا دھچکا

راولپنڈی: پاکستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آغاز سے محض چند روز قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ان کے مستقل کپتان مچل مارش ٹخنے کی انجری کے باعث سیریز سے مکمل طور پر باہر ہو گئے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے مچل مارش کی عدم دستیابی کی تصدیق کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس کو سیریز کے لیے ٹیم کا نیا کپتان نامزد کر دیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، مچل مارش ٹخنے کی تکلیف (Ankle Injury) کا شکار ہیں جس کے باعث وہ دورۂ پاکستان کے لیے اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ مچل مارش نے حال ہی میں آئی پی ایل میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا آخری میچ بھی اسی تکلیف کی وجہ سے مکس کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق مچل مارش علاج اور طبی معائنے کے لیے پرتھ میں قیام کریں گے۔ ان کی فٹنس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے ان کی دستیابی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مچل مارش کی غیر موجودگی میں جوش انگلس آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا ٹکراؤ 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈولڈ ہے۔ سیریز کے بقیہ دو میچز 2 اور 4 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

دوسری جانب، پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عیدالاضحیٰ کی تعطیلات منانے کے بعد جمعرات کو دوبارہ راولپنڈی میں اکٹھے ہوں گے۔ قومی کھلاڑیوں کا مختصر تربیتی کیمپ لگایا جائے گا تاکہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف ہوم سیریز میں برتری حاصل کی جا سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹیم میں بڑے فیصلے کرتے ہوئے رضوان کو ڈراپ کر کے دیگر کھلاڑیوں کے لیے پیغام واضح کر دیا ہے کہ کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کرکٹ شائقین کے لیے یہ سیریز انتہائی دلچسپ ہونے کی توقع ہے، تاہم مچل مارش کی غیر موجودگی کینگروز کے لیے ایک بڑا امتحان ثابت ہو سکتی ہے۔