"ٹیم مفاد پہلے، انفرادی کارکردگی نہیں”؛ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا محمد رضوان کو ٹی 20 ٹیم سے باہر رکھنے اور کپتانی سے ہٹانے کی وجوہات پر بڑا انکشاف
راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے واضح کیا ہے کہ ٹیم میں سلیکشن اور قیادت کا فیصلہ کسی انفرادی کھلاڑی کی پرفارمنس کے بجائے ہمیشہ ٹیم کی ضرورت اور مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔
راولپنڈی میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ نے محمد رضوان کو ٹی20 فارمیٹ سے ڈراپ کرنے اور کپتانی سے ہٹانے کی وجوہات سمیت مستقبل کے اہداف پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
محمد رضوان سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ ان کے چارج سنبھالنے سے قبل رضوان نہ صرف ٹی20 اسکواڈ کا حصہ تھے بلکہ ٹیم کے کپتان بھی تھے۔ تاہم، ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد ٹیم مینجمنٹ کو شدت سے محسوس ہوا کہ کپتانی میں تبدیلی ناگزیر ہے کیونکہ رضوان کی قیادت میں قومی ٹیم مطلوبہ نتائج اور پرفارمنس دینے میں ناکام ہو رہی تھی۔
ہیڈ کوچ نے واضح کیا کہ جب سے میں نے کوچنگ سنبھالی ہے، محمد رضوان ٹی20 فارمیٹ کا حصہ نہیں ہیں۔ ہم نے رضوان کو ڈراپ کر کے دیگر تمام کھلاڑیوں کو بھی واضح پیغام دیا ہے کہ ٹیم کا مفاد سب سے اوپر ہے۔ بنگلہ دیش سیریز میں ہم نے نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا جہاں رضوان اسکواڈ کا حصہ ضرور تھے، لیکن اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے پیشِ نظر ہمیں مزید آپشنز پر غور کرنا ہے۔”
مائیک ہیسن نے تسلیم کیا کہ ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کو پاور پلے کے شعبے میں رنز بنانے اور وکٹیں لینے پر مزید سخت کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ گزشتہ ایک سال کے دوران اس شعبے میں مطلوبہ بہتری نہیں آسکی۔
اس کے علاوہ مڈل اوورز میں اسٹرائیک ریٹ کو بہتر بنانا ہوگا تاکہ ٹیم پر سے پریشر کو کم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے حال ہی میں لاہور میں 10 روزہ بھرپور کیمپ کیا ہے اور گزشتہ ایک سال میں کھلاڑیوں کے اعتماد میں واضح اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کے ریکارڈ پر بات کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کا ون ڈے ریکارڈ ہمیشہ سے شاندار رہا ہے اور پاکستان متعدد مواقع پر انہیں ان کی ہوم کنڈیشنز یا بڑے میچز میں شکست دینے میں ناکام رہا، جس پر کام کیا جا رہا ہے۔
سلمان علی آغا کی نائب کپتانی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے حیران کن جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سلمان علی آغا کی نائب کپتانی کے کسی باضابطہ یا آفیشل اعلان کا علم نہیں، البتہ سلمان علی آغا گزشتہ پانچ سیریز سے ٹیم میں نائب کپتان کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔

