سجل اور صبور علی کے بعد ہانیہ عامر کا بھی بڑا فیشن ٹرینڈ

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی صفِ اول کی خوبرو اداکارہ اور سوشل میڈیا کوئین ہانیہ عامر نے اپنے منفرد اور اچھوتے انداز سے ایک بار پھر مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

سجل علی اور صبور علی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ہانیہ عامر نے بھی اپنے خوبصورت لمبے بالوں کو الوداع کہہ کر مختصر بالوں والا تیکھا ہیئر اسٹائل (Short Hair Look) اپنا لیا ہے، جس کی تصاویر انٹرنیٹ پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ہیں۔

ہانیہ عامر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے اس نئے اور منفرد روپ کی دلکش تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ بالکل بدلے ہوئے انداز میں دکھائی دے رہی ہیں۔

اپنی اس پوسٹ میں ہانیہ عامر نے اپنی تصاویر کے ساتھ ہالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ میرل اسٹریپ (Meryl Streep) کی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں وہ اپنی مشہورِ زمانہ فلم ’دی ڈیول ویئرز پرادا‘ (The Devil Wears Prada) میں گرے "پکسی ہیئر اسٹائل” کے ساتھ نظر آئی تھیں۔ ہانیہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ نفسیاتی طور پر دلچسپ (Psychologically interesting)‘۔

ہانیہ کے اس بولڈ اور ماڈرن لُک کو جہاں ان کے کروڑوں مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے، وہیں شوبز شخصیات بھی ان کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکیں۔

پاکستان کے نامور میک اپ آرٹسٹ بابر ظہیر نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’’لوو اٹ، تم بہت خوبصورت لگ رہی ہو‘‘، جبکہ اداکارہ زویا ناصر نے بھی ہانیہ کی خوبصورتی کو سراہا۔ اس کے علاوہ مشہور موسیقار یونیرا نے بھی کمنٹ سیکشن میں ہانیہ کے اس تجربے پر دلچسپ انداز میں محبت کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل مایہ ناز اداکارہ سجل علی نے بھی اچانک مختصر بالوں کے ساتھ تصاویر شیئر کر کے مداحوں کو شش و پنج میں مبتلا کر دیا تھا، جہاں کئی صارفین کا خیال تھا کہ شاید انہوں نے پراجیکٹ کے لیے وِگ (Wig) پہنی ہے۔

اب سجل اور صبور کے بعد ہانیہ عامر کے اس نئے اسٹائلش ہیئر کٹ نے سوشل میڈیا پر باقاعدہ ’’شارٹ ہیئر گینگ‘‘ (Short Hair Gang) کی بحث چھیڑ دی ہے اور نوجوان لڑکیاں اس سمر لُک کو اپنانے کے لیے ہانیہ کے اسٹائل کو فالو کر رہی ہیں۔