پاور ڈویژن کے بروقت اقدامات سے فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی، 10 ارب روپے کی بچت ہوئی: اویس لغاری

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاور ڈویژن کے بروقت فیصلوں اور عوام کے تعاون کے باعث اگست 2026 میں فیول ایڈجسٹمنٹ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے عوام کو 10 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ جولائی میں فیول ایڈجسمت 2.05 روپے فی یونٹ تھی جو اگست میں کم ہو کر 1.73 روپے فی یونٹ رہی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث شدید دباؤ تھا، تاہم حکومت نے مقامی وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنایا۔ اگست میں کل بجلی کی پیداوار کا 72 فیصد مقامی وسائل سے حاصل کیا گیا جبکہ صرف 28 فیصد بجلی درآمدی کوئلے اور آر ایل این جی سے پیدا کی گئی۔

اویس لغاری نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اضافی مقامی گیس کے انتظام سے مہنگی آر ایل این جی کے اسپاٹ کارگوز کی خریداری سے گریز ممکن ہوا، ورنہ صارفین کے ٹیرف میں 10.6 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑتا۔ انہوں نے رات کے اوقات میں چند گھنٹے لوڈ منیجمنٹ برداشت کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔