ریاض: سعودی عرب پر یمنی حوثیوں کی جانب سے کیے گئے تازہ بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے سخت جوابی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثیوں نے خمیس مشیط، ابہا اور طائف میں شہریوں اور شہری املاک کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے جبکہ متعدد رہائشی مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حوثیوں کے ان اقدامات سے ان کی انتہا پسندانہ سوچ عکاس ہوتی ہے اور اتحادی افواج بین الاقوامی قوانین کے تحت دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے ذمہ داری اور بھرپور عزم کے ساتھ جواب دیں گی۔
دوسری جانب، سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں واضح کیا گیا کہ ملک کی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں ولی عہد نے پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ سے ملاقات کے احوال سے بھی آگاہ کیا۔ اس دوران سعودی سول ڈیفنس نے شہریوں کو ہنگامی تدابیر اختیار کرنے اور متاثرہ مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

