انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کی نیول ہیڈکوارٹرز میں پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات

اسلام آباد: انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشین نیوی چیف کی نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر انہیں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تربیتی پروگراموں، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے دفاعی و بحری روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انڈونیشین نیوی چیف نے سمندری راستوں کے تحفظ اور علاقائی امن کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

اپنے دورے کے دوران ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے کراچی میں پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز، فلیٹ یونٹ، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جہاز سازی اور تکنیکی شعبوں میں باہمی اشتراک پر بات چیت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور دفاعی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔