اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا اہم فیصلہ: شرح سود 11.50 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے موجودہ معاشی صورتحال اور عالمی عوامل کا جائزہ لینے کے بعد شرح سود (پالیسی ریٹ) کو 11.50 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، مانیٹری پالیسی کمیٹی کے 10 میں سے 7 ارکان نے شرح سود میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کے فیصلے کی حمایت کی۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تنازع اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل و دیگر اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی پر اضافی دباؤ موجود ہے، تاہم ملکی معاشی اشاریے مجموعی طور پر توقعات کے مطابق رہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق، اگست کے دوران سالانہ بنیادوں پر مجموعی مہنگائی 11.1 فیصد ریکارڈ کی گئی، تاہم موجودہ زری پالیسی کا مؤقف درمیانی مدت میں مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد کے ہدف تک لانے کے لیے موزوں ہے۔

اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ بیرونی کھاتے پر دباؤ قابو میں ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔