لاہور: پاکستان کے نامور قومی ریسلر انعام بٹ کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (ITA) کی جانب سے انہیں بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق چین میں منعقدہ ایشین بیچ گیمز کے دوران لیے گئے ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ دوا کی موجودگی پر انعام بٹ نے موقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے یہ دوا کھیل میں کارکردگی یا قوت بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ آنکھ کے طبی علاج کے لیے استعمال کی تھی۔ انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے ان کا موقف تسلیم کر لیا ہے، تاہم علاج سے قبل اجازت نامہ (TUE) بروقت حاصل نہ کرنے پر ان کے خلاف غفلت کا عنصر برقرار رہا ہے۔
اس پیش رفت کے بعد انعام بٹ کو کم سے کم یعنی 2 ماہ کی پابندی کی سزا تجویز کیے جانے کا امکان ہے جو اپریل سے لاگو سمجھی جائے گی، جبکہ ایشین بیچ گیمز کا سلور میڈل ان سے واپس لیا جا سکتا ہے۔
ایجنسی کی جانب سے باقاعدہ فیصلہ جلد متوقع ہے، جس کے بعد وہ پابندی کی مدت پوری کر کے ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی اور بطور کوچ جاپان کا سفر کرنے کے اہل ہو جائیں گے، نیز پاکستان ریسلنگ فیڈریشن میں اپنے عہدوں پر دوبارہ کام کر سکیں گے۔

