8 سالہ طویل قانونی جنگ کا ڈرامائی اختتام؛ ہسپانوی عدالت نے عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کیس میں بری کر دیا
میڈرڈ: کولمبین پاپ اسٹار اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا کے لیے ایک بڑی قانونی اور سفارتی کامیابی سامنے آئی ہے۔ اسپین کی ہائی کورٹ نے ایک اہم ترین فیصلے میں شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے سنگین مقدمے سے باقاعدہ بری کر دیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں ہسپانوی ٹیکس حکام کو سخت حکم دیا ہے کہ گلوکارہ کو ماضی میں ادا کیے گئے جرمانوں کی مد میں 6 کروڑ (60 ملین) یورو سے زائد کی خطیر رقم سود سمیت فوری طور پر واپس کی جائے۔
شکیرا کے وکلا نے اس عدالتی فیصلے کو ان کی 8 سالہ طویل اور اعصاب شکن قانونی جنگ کا کامیاب ترین خاتمہ قرار دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ استغاثہ یہ ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا کہ گلوکارہ اسپین میں اتنے دن مقیم تھیں کہ انہیں وہاں کا مستقل ٹیکس رہائشی قرار دیا جا سکے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق شکیرا پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے 2012 سے 2014 کے دوران اسپین میں مستقل رہائش اختیار کرنے کے باوجود اپنا ریکارڈ بیرونِ ملک کا ظاہر کیا اور تقریباً 1 کروڑ 45 لاکھ (14.5 ملین) یورو کا ٹیکس چوری کیا۔ ہسپانوی قوانین کے تحت اگر کوئی شخص سال میں 6 ماہ (183 دن) سے زیادہ اسپین میں قیام کرے تو اسے ٹیکس کے مقاصد کے لیے مقامی رہائشی تصور کیا جاتا ہے۔
گلوکارہ نے ہمیشہ ان الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ 2014 تک ان کی زیادہ تر آمدنی عالمی میوزک ٹورز (Global Music Tours) سے حاصل ہوتی تھی اور وہ اس دوران زیادہ تر وقت اسپین سے باہر ہی گزارتی تھیں۔ انہوں نے 2015 میں اسپین کو اپنی مستقل ٹیکس رہائش قرار دیا تھا اور وہ پہلے ہی 17.2 ملین یورو ٹیکس ادا کر چکی تھیں۔
شکیرا نے عدالتی فیصلے کے بعد اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا "میں اب اپنے بچوں کے ساتھ پرامن زندگی گزارنا چاہتی ہوں اور نہیں چاہتی کہ میرے بیٹے اپنی والدہ کو طویل قانونی لڑائیوں اور ذہنی دباؤ میں دیکھیں۔ اسپین کے ٹیکس حکام نے میرے ساتھ انتہائی سخت رویہ اختیار کیا لیکن اب جذباتی مشکلات کا یہ سیاہ مرحلہ ختم ہو گیا ہے”۔
یاد رہے کہ یہ حالیہ فیصلہ صرف 2011 کے ٹیکس تنازع اور مجموعی جرمانوں کی واپسی سے متعلق ہے۔ اس سے قبل 2012 سے 2014 کے الگ ٹیکس فراڈ کیس میں شکیرا نے سن 2023 میں استغاثہ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت انہوں نے 75 لاکھ یورو جرمانہ ادا کر کے ممکنہ 8 سال قید کی سزا کو ختم کروایا تھا تاکہ وہ اپنے خاندان کو طویل ٹرائل سے بچا سکیں۔ اب ہائی کورٹ کے نئے فیصلے نے شکیرا پر لگے داغ کو مکمل طور پر دھو دیا ہے۔

