لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کے سینئر ہدایت کار اور پروڈیوسر سید نور نے مشہور ٹک ٹاکر جنت مرزا کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کے تجربے کو "تباہ کن” قرار دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک حالیہ انٹرویو میں سید نور نے اعتراف کیا کہ جنت مرزا کی مقبولیت فلم کو سینما گھروں تک لانے میں ناکام رہی۔
انٹرویو کے دوران جب ان سے سوشل میڈیا فالورز کی بنیاد پر کاسٹنگ کے حوالے سے سوال کیا گیا، تو سید نور کا کہنا تھا کہ "جنت مرزا کو اپنی فلم میں لینا تباہی کے سوا کچھ نہیں تھا۔ ہم نے اس فلم پر بہت محنت کی تھی، لیکن لوگ اسے دیکھنے سینما نہیں آئے۔”
انہوں نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ شاید عوام کا یہ نظریہ تھا کہ جب جنت مرزا روزانہ ٹک ٹاک پر مفت دیکھنے کو مل جاتی ہیں، تو انہیں دیکھنے کے لیے پیسے خرچ کر کے سینما کیوں جائیں؟
سید نور نے ماضی اور حال کے فرق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پہلے فلمی ستاروں کا ایک سحر ہوتا تھا اور لوگ ان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار کرتے تھے، مگر اب وہ بات نہیں رہی۔
انہوں نے واضح کیا کہ صرف آن لائن شہرت یا فالوونگ کسی فلم کی کامیابی کی ضمانت نہیں ہو سکتی بلکہ فلمی پردے کے لیے ایک خاص کشش اور اداکاری کی ضرورت ہوتی ہے۔
ان کا یہ بیان ان فلم سازوں کے لیے ایک اہم سبق ہے جو محض سوشل میڈیا نمبرز کی بنیاد پر کاسٹنگ کرتے ہیں۔

