معرکۂ حق؛ کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ شدید اور فیصلہ کن ہوگا، وزیر دفاع خواجہ آصف کی بھارت کو وارننگ
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’معرکۂ حق‘ سے یہ حقیقت واضح ہو چکی ہے کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور فیصلہ کن ہوگا۔ وزارتِ اطلاعات کے تحت کتاب "دی بیٹل آف ٹُرتھ” (The Battle of Truth) کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق صرف ایک یادگار واقعہ نہیں بلکہ ایک ایسی واضح لکیر ہے جو ہمیشہ کے لیے کھینچ دی گئی ہے۔ انہوں نے بھارتی ہندوتوا پالیسیوں کو خطے کی ترقی کی سب سے بڑی دشمن قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ بھارت ’فتنہ الہندوستان‘ اور ’فتنہ الخوارج‘ جیسی تنظیموں کی سرپرستی کر کے علاقائی امن کو داؤ پر لگا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کی جوابی صلاحیت دشمن کے تصور سے بھی زیادہ تیز اور مربوط ہے اور پوری قوم ‘آپریشن بنیان المرصوص’ کی طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری بلکہ بیانیے اور سفارتی محاذ پر بھی بھارت کو شکست دی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا، میڈیا اور نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا نے بھارت کے من گھڑت بیانیے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ مسلح افواج نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مودی کی نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر دیا ہے اور ‘اکھنڈ بھارت’ کے تاریخی فراڈ کو زمیں بوس کر دیا ہے۔ سابق عسکری حکام نے بھی اس بات پر زور دیا کہ انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کا بھارتی سیاست پر مکمل کنٹرول ہے جس کا ایجنڈا صرف ہندوتوا کو تقویت دینا ہے۔ معرکۂ حق کی اس عظیم فتح نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کو نہ حقیقت میں اور نہ ہی کسی کے خوابوں میں شکست دی جا سکتی ہے، اور دشمن کی جارحیت کا انجام صرف سفید جھنڈا لہرانے کی صورت میں ہی نکلے گا۔

