"پولیس گرفتار کرنے آ گئی ہے”؛ اکشے کمار کے ایک مذاق نے جیکولین فرنینڈس کو ‘ٹراما’ میں مبتلا کر دیا

ممبئی: بالی ووڈ کے ‘کھلاڑی’ اکشے کمار جہاں اپنی فٹنس اور اداکاری کے لیے مشہور ہیں، وہیں ساتھی اداکاروں کے ساتھ سیٹ پر کیے جانے والے ان کے مذاق (Pranks) بھی کسی سے چھپے نہیں ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے ایک شو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ اکشے کے ایک ایسے ہی مذاق نے انہیں شوٹنگ کے دوران شدید ذہنی دباؤ اور خوف میں مبتلا کر دیا تھا۔

اکشے کمار کے ریئلٹی شو ’وہیل آف فارچون‘ کی آخری قسط میں گفتگو کرتے ہوئے جیکولین نے بتایا کہ جب وہ اپنے پہلے آئٹم سانگ ’’دھنو‘‘ کی شوٹنگ کر رہی تھیں، تو اکشے نے انہیں سنجیدگی سے یقین دلا دیا کہ پولیس انہیں گرفتار کرنے کے لیے سیٹ پر پہنچ چکی ہے۔ جیکولین کے مطابق وہ اس قدر ڈر گئی تھیں کہ پورے شوٹ کے دوران خوف کے سائے میں رہیں۔

اکشے کمار نے اس واقعے پر ہنستے ہوئے بتایا کہ جیکولین کے اصل خوف کی وجہ ان کے ویزا سے متعلق مسائل تھے، اسی لیے پولیس کا نام سنتے ہی ان کے ہاتھ پاؤں پھول گئے تھے۔ تاہم، اکشے نے بعد میں اس ‘ٹراما’ پر جیکولین سے معذرت بھی کی۔

شو میں موجود دیگر مہمانوں نے بھی اکشے کے پرینکس کی فہرست کھول دی، اداکارہ بھومی پیڈنیکر نے یاد دلایا کہ فلم ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ کے دوران اکشے نے انہیں بائیک پر بٹھا کر اتنی تیز رفتاری دکھائی کہ وہ بری طرح ڈر گئیں۔

معروف کوریوگرافر فرح خان نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہا کہ ان کے لیے تو اکشے کے ساتھ ’تیس مار خان‘ اور ’جوکر‘ جیسی ناکام فلمیں بنانا ہی سب سے بڑا پرینک ثابت ہوا۔