وزیراعلیٰ مریم نواز کا 50 ایکڑ پر محیط میڈیا حب؛ پنجاب فلم سٹی میں شوٹنگ سے پوسٹ پروڈکشن تک تمام سہولیات ایک ساتھ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی دارالحکومت میں پاکستان کی فلمی صنعت کی تقدیر بدلنے کے لیے ایک میگا پراجیکٹ "پنجاب فلم سٹی” کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

یہ منصوبہ لاہور میں زیرِ تعمیر ‘نواز شریف آئی ٹی سٹی’ کے اندر 50 ایکڑ اراضی پر محیط ہوگا، جسے ملک کا پہلا مکمل اینڈ ٹو اینڈ میڈیا پروڈکشن حب قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق اس فلم سٹی میں فلم، ٹی وی اور اینیمیشن کے شعبوں کے لیے تمام تر سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔ منصوبے کے اہم خدوخال میں عالمی معیار کے پروڈکشن اسٹوڈیوز اور ساؤنڈ اسٹیج، جدید ترین پوسٹ پروڈکشن لیبز، اینیمیشن سینٹرز، مختلف لوکیشنز کے لیے شوٹنگ سیٹس، ایک مرکزی جھیل اور بڑے ایوارڈ شوز اور تقریبات کے لیے کنونشن ہال کی تعمیر شامل ہیں۔

منصوبے کو قانونی تحفظ اور انتظامی سہولت فراہم کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی نے ‘فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2026’ کثرتِ رائے سے منظور کر لیا ہے۔ اس اتھارٹی کے تحت ایک جامع فلم پالیسی اور لائسنسنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اتھارٹی کے اخراجات حکومتِ پنجاب برداشت کرے گی، جبکہ فلم سازوں کو اجازت ناموں کے حصول کے لیے ‘ون ونڈو آپریشن’ کی سہولت دی جائے گی۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف ہزاروں افراد کو روزگار ملے گا بلکہ ملک میں ‘تخلیقی معیشت’ (Creative Economy) کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ اتھارٹی نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے پروگرامز شروع کرے گی اور فلم انڈسٹری کے لیے خصوصی گرانٹس اور سبسڈی کا نظام وضع کرے گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔