بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی بڑی کامیابی؛ مقامی سطح پر تیار ‘اینٹی شپ بیلسٹک میزائل’ کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں مقامی سطح پر تیار کردہ جدید اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر کے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں ایک نئے باب کا اضافہ کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پاک بحریہ کے جہاز سے فائر کیے گئے اس برق رفتار میزائل نے طویل فاصلے پر موجود اپنے ہدف کو انتہائی درستگی اور تیز رفتاری کے ساتھ نشانہ بنایا۔

یہ میزائل جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ صلاحیت کی حامل ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو اسے بدلتی ہوئی صورتحال میں مؤثر انداز سے ہدف حاصل کرنے اور دشمن کے دفاعی نظام سے بچ نکلنے کے قابل بناتی ہے۔

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اس تاریخی میزائل فائرنگ کا خود مشاہدہ کیا، جبکہ اس موقع پر منصوبے سے منسلک سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیم بھی موجود تھی۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ یہ میزائل پاکستان کی تکنیکی مہارت اور خود انحصاری کا واضح ثبوت ہے، جو آپریشنل مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے بہترین امتزاج کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب خطے میں بحری سکیورٹی کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے، اور یہ کامیابی سمندر میں مؤثر دفاعی توازن برقرار رکھنے کے عزم کا مظہر ہے۔

نیول چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی اور یہ نیا میزائل سسٹم دشمن کے لیے ایک مؤثر ڈیٹرنس (Deterrence) ثابت ہوگا۔

میزائل کے کامیاب تجربے پر صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے پاک بحریہ کے یونٹس، سائنسدانوں اور انجینئرز کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔

عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ اس طرح کی مقامی دریافتیں دفاعی پیداوار میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے قدموں کی نشان دہی کرتی ہیں۔ پاک بحریہ کی یہ کامیابی نہ صرف ملکی دفاع کو مضبوط کرے گی بلکہ علاقائی سمندری سکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔