وزیراعظم شہباز شریف کی مدینہ منورہ آمد: روضہ رسول ﷺ پر حاضری اور امن و امان کے لیے دعائیں

مدینہ منورہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے سرکاری دورہ سعودی عرب کے آخری مرحلے میں گزشتہ شب جدہ سے مدینہ منورہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مسجدِ نبوی میں حاضری دی اور روضہ رسول ﷺ پر سلامِ عقیدت پیش کیا۔

مدینہ منورہ پہنچنے پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود نے ہوائی اڈے پر وزیراعظم اور ان کے ہمراہ آنے والے اعلیٰ سطح کے وفد کا پُرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم کی آمد کے موقع پر ان کے لیے روضہ رسول ﷺ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے، جہاں انہوں نے زیارتِ خاص کا شرف حاصل کیا اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے۔

وزیراعظم نے اس مقدس مقام پر ملک و قوم کی سلامتی، معاشی ترقی اور دنیا بھر بالخصوص عالمِ اسلام میں امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔