غزہ میں جنگ بندی کا پہلا مرحلہ ختم، دوسرا تاحال غیر یقینی کا شکار

اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے پہلے مرحلے کی مدت آج ختم ہو رہی ہے، تاہم دوسرے مرحلے کے مذاکرات تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

19 جنوری کو طے پانے والے معاہدے کے تحت یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ ہوا، جس میں 25 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اب بھی 58 اسرائیلی یرغمالی غزہ میں قید ہیں، جن میں 34 ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسرے مرحلے کے مذاکرات کے لیے اسرائیلی، قطری اور امریکی وفود قاہرہ میں موجود ہیں، مگر کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ وہ پہلے مرحلے کی توسیع چاہتے ہیں، جبکہ حماس فوری طور پر دوسرے مرحلے کا آغاز چاہتی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے فریقین پر زور دیا ہے کہ جنگ بندی برقرار رکھی جائے، تاکہ مزید انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔