نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے پاکستانی پرچم بردار مزید 20 جہازوں کو گزرنے کی اجازت مل گئی ہے، جسے انہوں نے خطے میں امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ ان جہازوں کی آمدورفت مرحلہ وار ہوگی اور روزانہ 2 جہاز آبنائے ہرمز عبور کریں گے۔ ان کے مطابق یہ پیشرفت نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
اسحاق ڈار نے اس اقدام پر ایران کی حکومت کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند اور تعمیری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے علاقائی استحکام کو فروغ ملے گا اور باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اپنے بیان میں عالمی شخصیات کو بھی ٹیگ کیا، جن میں جے ڈی وینس، مارکو روبیو، اسٹیو ووٹکوف اور عباس عراقچی شامل ہیں، اور اس پیشرفت کو عالمی سطح پر سراہنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام امن اور استحکام کے فروغ کا پیش خیمہ ہے اور اس طرح کے اقدامات اجتماعی کوششوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات، سفارت کاری اور اعتماد سازی ہی مسائل کے حل کا واحد مؤثر راستہ ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستانی بحری جہازوں کو خصوصی اجازت دی جا چکی ہے، جس کے تحت ایک آئل ٹینکر کامیابی سے ایرانی حدود عبور کر کے پاکستان پہنچا تھا، جس میں بڑی مقدار میں خام تیل موجود تھا۔

